سیاست
شہباز شریف کا “روشن معیشت بجلی پیکیج”، صنعت و زراعت کے لیے تاریخی ریلیف
وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کی مضبوطی کے لیے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے “روشن معیشت بجلی پیکیج” کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صنعتی و زرعی شعبوں کو تین سال کے لیے سستی بجلی فراہم کی جائے گی۔
پیکیج کے مطابق صنعتی شعبہ 34 روپے سے کم جبکہ زرعی شعبہ 38 روپے فی یونٹ سے کم نرخ پر اضافی بجلی حاصل کر سکے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس رعایتی پیکیج کا بوجھ گھریلو صارفین پر نہیں ڈالا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ اقدام پیداوار میں اضافے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور برآمدات بڑھانے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے بجلی پیکیج کے تحت 410 گیگاواٹ اضافی بجلی استعمال ہوئی، جس سے صنعتوں کی پیداوار اور روزگار میں نمایاں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیکیج پاکستان کے معاشی استحکام اور خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔
