صحت
سخت گرمی کے بعد خوشخبری, پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش اور آندھی کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے سخت گرمی کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز آندھی کی پیشگوئی کر دی ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ تلہ گنگ، جہلم، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
اسلام آباد میں دن کے وقت شدید گرمی رہے گی تاہم رات کے اوقات میں ہلکی بارش یا گرج چمک کے امکانات موجود ہیں جو موسم کو خوشگوار بنا سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ اور دیگر بالائی علاقوں میں رات کے وقت بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ مانسہرہ، شانگلہ، کوہستان، اور ایبٹ آباد میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ تیز ہواؤں اور آندھی کے دوران احتیاط برتیں اور تازہ ترین موسم اپڈیٹس کے لیے حکام سے رابطے میں رہیں۔