تجارت
وزیر اعظم شہباز شریف کا ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور شفافیت یقینی بنانے کا حکم
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں انہوں نے گزشتہ دہائی کے مقابلے میں ٹیکس آمدن میں 42 فیصد اضافے پر ادارے کو سراہا۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال میں یہی جوش و جذبہ برقرار رہنا چاہیے اور خبردار کیا کہ ادارہ جاتی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے حکم دیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کو صنعتی پیداوار اور تقسیم کی تمام سطحوں پر مکمل طور پر نافذ کیا جائے، جبکہ پوائنٹ آف سیل نظام کو مزید وسعت دی جائے۔
وزیر اعظم نے ٹیکس دہندگان اور کاروباری طبقے کے لیے سہولیات کو یقینی بنانے پر زور دیا اور ایف بی آر حکام کو عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کے اختتام پر وزیر اعظم نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری پر تمام شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی صرف ڈیجیٹل اور شفاف نظام سے ممکن ہے۔
