کھیل
ارسلان اش نے ایوو جاپان اور ریاض کلش 2025 سے دستبرداری کا اعلان کر دیا
ارسلان اش، جو کہ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ٹیکن پلیئر اور پانچ مرتبہ ایوو چیمپیئن رہ چکے ہیں، نے ویزا مسائل کے باعث ایوو جاپان اور ریاض کلش 2025 سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ دونوں ٹورنامنٹس ٹیکن ورلڈ ٹور 2025 کے اہم مرحلے سمجھے جاتے ہیں۔ ارسلان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ہر ممکن کوشش کی مگر ویزا مسائل ایک بار پھر ان کی راہ میں حائل ہو گئے۔ انہوں نے کہا، “میں نے پاسپورٹ کی حدود کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے، شاید ایک دن حالات بدل جائیں۔”
یہ فیصلہ پاکستانی گیمنگ کمیونٹی کے لیے مایوس کن ضرور ہے، لیکن ارسلان اش نے ہار نہیں مانی۔ انہوں نے شرکت کا عندیہ دیا ہے اور مقامی مواقع سے فائدہ اٹھانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان میں ای اسپورٹس کے فروغ اور سرکاری سطح پر ویزا سہولیات کی کمی کی نشاندہی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے کرکٹ پاکستان کا جنون ہے، ویسے ہی ای اسپورٹس کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے تاکہ عالمی سطح پر مزید کھلاڑیوں کو مواقع میسر آئیں۔
