اہم خبریں
وزیر اعظم کا ملک ریاض کیس سے برآمد شدہ £190 ملین کا استعمال, ڈینش یونیورسٹی کا قیام
وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے پاکستانی بزنس ٹائیکون ملک ریاض سے برآمد شدہ £190 ملین کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس رقم سے اسلام آباد میں ڈینش یونیورسٹی آف ایمرجنگ ٹیکنالوجی کے قیام کے ساتھ ساتھ ملک کے پسماندہ علاقوں میں غریب بچوں کے لیے اسکول اور ایک چھوٹا اسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔
صحافی شہباز رانا کے مطابق، حکومت نے اس منصوبے پر متعدد اجلاس منعقد کیے ہیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ رقم تعلیم اور صحت کے شعبے میں خرچ ہو۔ سپریم کورٹ نے این او سی جاری کر دیا ہے، جس کے بعد حکومت نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈینش یونیورسٹی کو عالمی معیار کا ایپلائیڈ سائنسز انسٹی ٹیوٹ بنانے کا منصوبہ ہے، جہاں بین الاقوامی ماہرین اور پروفیسرز کو تدریسی خدمات کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے اس اقدام کو پاکستان کی تعلیم اور صحت کے شعبے میں انقلاب قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف طلبہ بلکہ نچلے طبقے کے لیے بھی ایک روشن مستقبل کی نوید ہے۔
