کھیل
فخر زمان کا منفرد مطالبہ، بڑے چھکوں پر اضافی رنز دینے کی تجویز

پاکستان کے جارحانہ اوپنر فخر زمان نے چیمپئنز ٹرافی سے چند دن پہلے ایک انوکھا مطالبہ کر دیا۔ پی سی بی پوڈکاسٹ میں سلمان بٹ کو دیے گئے انٹرویو میں فخر زمان نے تجویز دی کہ اگر چھکا نوے میٹر سے زیادہ کا ہو، تو بیٹسمین کو اضافی دو رنز دیے جائیں۔
ان کی اس تجویز پر کرکٹ کے شائقین میں ملا جلا ردعمل دیکھا جا رہا ہے، کچھ لوگ اسے کرکٹ کے اصولوں کے خلاف سمجھتے ہیں، جبکہ کچھ نے اس کی حمایت کی ہے۔
انٹرویو میں فخر زمان نے اپنی ٹیم میں غیر موجودگی کی وضاحت بھی کی، انہوں نے بتایا کہ ان کی چوٹ کی تشخیص میں تاخیر ہوئی، جس کے باعث واپسی مشکل ہو گئی۔ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر فارم بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بابر اعظم کے ساتھ تعلقات کے بارے میں سوال پر فخر نے واضح کیا کہ ان کی حالیہ ٹویٹ کا ٹیم میں واپسی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں بابر کی بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ان کے ساتھ اوپننگ پارٹنرشپ شاندار رہے گی۔
پاکستان اور بھارت کے میچز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فخر نے تسلیم کیا کہ میڈیا کا دباؤ زیادہ ہوتا ہے، مگر کھلاڑی اسے کسی عام میچ کی طرح کھیلتے ہیں۔ انہوں نے دوہزار سترہ کی چیمپئنز ٹرافی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وہ جونئیر کھلاڑی تھے اور سرفراز احمد، شعیب ملک اور جنید خان سے بہت کچھ سیکھا۔
چیمپئنز ٹرافی قریب آتے ہی شائقین کو امید ہے کہ فخر زمان کی فارم اور بابر اعظم کے ساتھ ان کی شراکت پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرے گی۔