کھیل
راشد نسیم نے ایک اور عالمی ریکارڈ پاکستان کے نام کر دیا

پاکستانی مارشل آرٹس کے ماہر راشد نسیم نے اٹلی کے معروف رئیلٹی ٹی وی شو میں ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
انہوں نے آنکھوں پر پٹی باندھ کر صرف ایک منٹ میں سر سے 191 اخروٹ توڑ ڈالے، جو کہ سابقہ ریکارڈ 150 اخروٹ سے کہیں زیادہ ہے۔
شو کے دوران راشد نسیم نے سینے پر پاکستانی پرچم سجا کر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے اس کارنامے کو پاکستانی عوام کے نام کیا۔ پروگرام کے میزبان اور ناظرین نے ان کی شاندار پرفارمنس پر کھڑے ہو کر داد دی۔
راشد نسیم کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کی طرف سے سرٹیفکیٹ اور میڈل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب تک 125 عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ انہیں کسی قسم کی سرکاری سرپرستی حاصل نہیں۔
راشد نسیم نے مزید کہا: “میں دنیا بھر میں نہ صرف پاکستان کا نام بلند کر رہا ہوں بلکہ سندھی ثقافت کو بھی اجاگر کر رہا ہوں۔”
وہ اس سے پہلے جرمنی، کوریا، چین اور دیگر ممالک میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے کئی عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔