ٹیکنالوجی
ایپل کا انکار: آئی فون 17 پرو پر خراشیں نہیں، میگ سیف چارجرز کی باقیات ہیں

ایپل نے ان خدشات کو رد کر دیا ہے کہ آئی فون 17 پرو آسانی سے سکریچ ہو جاتا ہے۔ لانچ کے بعد سوشل میڈیا پر ڈیمو یونٹس کی تصاویر وائرل ہوئیں جن میں میگ سیف چارجر کے گرد نشانات دکھائی دے رہے تھے، جسے صارفین نے “اسکریچ گیٹ” کا نام دیا۔
ایپل نے 9to5Mac کو بتایا کہ یہ نشان اصل خراشیں نہیں بلکہ ایپل اسٹورز میں لگے خراب میگ سیف چارجرز کی باقیات ہیں، جو اکثر صاف بھی کی جا سکتی ہیں۔ کمپنی نے مزید کہا کہ خراب اسٹینڈز کو فوری طور پر بدلا جا رہا ہے۔
کیمرہ پلیٹیو پر خراش کے خدشات پر بھی کمپنی نے کہا کہ اس کی انوڈائزڈ فنش پچھلے آئی فونز اور میک بُک پروز جیسی ہے، جو پائیداری کے ٹیسٹ سے گزری ہے، مگر عام استعمال میں نشانات پڑ سکتے ہیں۔
ریویوز میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ ٹیک ریڈر نے فون کی مضبوطی کی تعریف کی جبکہ کلٹ آف میک کے رپورٹر نے دعویٰ کیا کہ بعض ڈیمو یونٹس کے نشان مٹائے نہیں جا سکے اور وہ “یقیناً سکریچز” ہیں۔ ایپل کے مطابق اسٹور ڈیوائسز کو روزانہ ہزاروں افراد چھوتے ہیں، اس لیے وہ ذاتی ڈیوائسز کے مقابلے میں زیادہ جلدی پرانے لگتے ہیں۔