تجارت
اسلام آباد میں نیا ٹیکس، جناح میڈیکل کمپلیکس کیلئے منی بجٹ کی تیاریاں

حکومت پاکستان نے آئی ایم ایف سے اسلام آباد میں نیا ٹیکس لگانے کی اجازت مانگ لی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ٹیکس ممکنہ طور پر منی بل کے ذریعے نافذ کیا جائے گا اور اس سے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جائیں گے۔
میڈیکل کمپلیکس منصوبے کی لاگت 213 ارب روپے لگائی گئی ہے جسے تین سال میں مکمل کیا جانا ہے، تاہم مالی وسائل کی کمی کے باعث حکومت مشکلات کا شکار ہے۔ ابتدائی طور پر 3.5 ارب روپے فراہم کر دیے گئے ہیں جو کمپنی کے قیام اور عملے کی بھرتی پر خرچ ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت ہنگامی فنڈ سے 30 ارب روپے جاری کرنے اور متبادل ذرائع جیسے ضمنی گرانٹس یا دوسرے منصوبوں کے فنڈز منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔
آئی ایم ایف نے اس نئے ٹیکس سے متعلق پاکستان سے مزید تفصیلات مانگ لی ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کے مطابق حکومت منصوبے کی فنڈنگ پی ایس ڈی پی سے باہر کے ذرائع سے کرے گی۔