تجارت
مہنگائی میں پھر اضافہ، 21 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ
ملک میں مہنگائی کا سلسلہ دوسرے ہفتے بھی جاری رہا، روزمرہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.17 فیصد اضافہ ہوا، جو سالانہ بنیادوں پر 4.34 فیصد تک پہنچ گئی۔
گزشتہ ہفتے 21 ضروری اشیاء مہنگی ہوئیں، جن میں زندہ مرغی، پیاز، آٹا، انڈے، گھی اور گڑ شامل ہیں۔ لکڑیاں اور لہسن بھی مہنگا ہوا، جس سے گھریلو بجٹ مزید دباؤ میں آگیا۔
20 کلو آٹے کا تھیلا 117 روپے مہنگا ہو کر اوسطاً 2150 روپے میں فروخت ہوا، جب کہ کچھ شہروں میں یہی تھیلا 3000 روپے تک پہنچ گیا۔ زندہ مرغی 29 روپے فی کلو مہنگی ہو کر 350 روپے اوسط قیمت پر فروخت ہوئی۔
انڈے 7 روپے فی درجن مہنگے ہوئے اور اوسط قیمت 321 روپے فی درجن ریکارڈ کی گئی۔ چینی بھی تقریباً 0.48 روپے فی کلو مہنگی ہوئی اور اوسطاً 184 روپے فی کلو میں فروخت ہوئی۔
البتہ چھ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جن میں ٹماٹر، آلو، چنے، کیلا اور ایل پی جی شامل ہیں۔ ٹماٹر کی قیمت میں 30 روپے فی کلو کمی دیکھی گئی جبکہ ایل پی جی کا سلنڈر اوسطاً 3045 روپے میں دستیاب رہا۔
24 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
