اہم خبریں
ٹانک میں ایف سی اہلکار اغواء، دہشتگردی کا واقعہ سیکیورٹی اداروں کے لیے چیلنج
خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردی کا ایک نیا واقعہ پیش آیا ہے جہاں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے اہلکار کو نامعلوم دہشت گردوں نے اغواء کر لیا۔ یہ واقعہ تھانہ گل امام کی حدود میں واقع شادی خیل کے علاقے میں پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق مغوی اہلکار چھٹی پر اپنے گاؤں آیا ہوا تھا جب اسے اغواء کیا گیا۔ اغواء ہونے والا اہلکار ایف سی بنوں، سردی خیل جانی خیل میں تعینات تھا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر اہلکار بھی اپنے گھروں میں محفوظ نہیں تو عام شہریوں کی سیکیورٹی کا کیا ہوگا۔
حکام نے تاحال واقعہ کی ذمہ داری کسی گروپ پر عائد نہیں کی، تاہم سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
