اہم خبریں
فلسطینی ریاست پر میکرون کے بیان پر نیتن یاہو اور ان کے بیٹے کا سخت ردعمل
فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے اس بیان کے بعد کہ فرانس ممکنہ طور پر آئندہ چند ماہ میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے، اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اپنے بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ میکرون “شدید غلطی” کر رہے ہیں کہ وہ اسرائیل کی سرزمین کے وسط میں ایک ایسی ریاست کے قیام کی حمایت کر رہے ہیں جس کا مقصد صرف اسرائیل کی تباہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج تک فلسطینی اتھارٹی یا حماس نے 7 اکتوبر 2023 کے حملے کی مذمت نہیں کی، جو ان کے بقول ہولوکاسٹ کے بعد یہودیوں پر سب سے بڑا حملہ تھا۔ نیتن یاہو نے فرانس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان لوگوں سے اخلاقی نصیحت قبول نہیں کریں گے جو خود کورسیکا، نیو کیلیڈونیا اور فرانسیسی گویانا کو آزادی دینے کے خلاف ہیں۔
اسی دوران ان کے بیٹے یائیر نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر میکرون پر سخت تنقید کی اور فرانسیسی نوآبادیاتی علاقوں کو آزادی دینے کا مطالبہ کیا۔ یائیر نے “فرانسیسی گویانا” کو غلطی سے “فرانسیسی گنی” لکھا، جس پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
دوسری جانب میکرون نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا مقصد نہ صرف فلسطینیوں کی حمایت ہے بلکہ اسرائیل کی علاقائی تسلیماتی کوششوں کو فروغ دینا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں فریقین کے پرامن بقاء کے حامی ہیں۔
