تجارت
ایلس والٹن 102 بلین ڈالرز کے ساتھ فوربس بلینیئر لسٹ 2025 میں شامل

والمارٹ کی 75 سالہ وارث ایلس والٹن نے 102 بلین ڈالرز کی مجموعی دولت کے ساتھ فوربس بلینیئر لسٹ 2025 میں جگہ بنالی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فرانسیسی کمپنی لوریل کی وارث فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس کو پیچھے چھوڑا ہے جو گزشتہ سال دنیا کی امیر ترین خاتون قرار پائی تھیں۔
ایلس والٹن 7 اکتوبر 1949ء کو امریکی ریاست آرکنساس کے شہر نیوپورٹ میں پیدا ہوئیں۔ وہ والمارٹ کے بانی سیم والٹن اور ہیلن والٹن کی بیٹی ہیں۔ ایلس نے ٹیکساس کی ٹرینیٹی یونیورسٹی سے معاشیات میں بی اے کی ڈگری حاصل کی اور اپنے کیریئر کا آغاز سرمایہ کاری کی دنیا سے کیا۔
والٹن کی کامیابی کے پیچھے ان کے وہ کاروباری منصوبے ہیں جو انہوں نے والمارٹ سے باہر کیے۔ 1988ء میں انہوں نے انویسٹمنٹ بینک لاما کمپنی کی بنیاد رکھی اور اس میں بطور صدر، چیئر پرسن اور سی ای او کام کیا۔ اگرچہ اس کمپنی کو ایک دہائی بعد بند کر دیا گیا، لیکن ان کے دوسرے منصوبوں نے ان کی دولت میں اضافہ کیا۔
والٹن نے نارتھ ویسٹ آرکنساس ریجنل ایئرپورٹ کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا اور اس کے مرکزی ٹرمینل کا نام ان کے اعزاز میں “ایلس ایل والٹن ٹرمینل بلڈنگ” رکھا گیا۔
اگرچہ ان کی زندگی کا بڑا حصہ والمارٹ سے جڑا ہوا ہے، ایلس نے اپنے بزنس وینچرز پر زیادہ توجہ مرکوز کی اور خود کو ایک کامیاب کاروباری شخصیت کے طور پر منوایا۔ ان کی خدمات اور دولت نے انہیں دنیا کی امیر ترین خواتین میں شامل کر دیا ہے۔