تجارت
آئی ایم ایف کا سندھ کی معاشی کارکردگی پر اعتماد، مزید فنڈز مختص کرنے کی ہدایت
پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات جاری ہیں، جن میں آئی ایم ایف مشن نے سندھ کی معاشی کارکردگی کو مثبت قرار دیتے ہوئے اس پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف نے اس بات کو تسلیم کیا کہ سندھ نے بیشتر معاشی اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ صوبائی سیکریٹری خزانہ نے گزشتہ شام آئی ایم ایف مشن سے ملاقات کی، جس میں سندھ کی گزشتہ آٹھ ماہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ نے مالی سال کی پہلی ششماہی میں 264 ارب روپے کا سرپلس دیا ہے۔ اس کے علاوہ، آئی ایم ایف کو سندھ ریونیو بورڈ کی کارکردگی اور صوبے میں سنگل سیلز ٹیکس گوشوارے کی پالیسی سے بھی آگاہ کیا گیا، جسے مشن نے سراہا۔
مزید برآں، مذاکرات میں زرعی انکم ٹیکس کی پیچیدگیوں پر بھی گفتگو ہوئی اور بتایا گیا کہ جولائی 2024 تا جون 2025 زرعی انکم ٹیکس کے مختلف ریٹ لاگو کیے جائیں گے۔
آئی ایم ایف نے سندھ کو تعلیم، صحت عامہ، اور پینے کے صاف پانی کے منصوبوں کے لیے فنڈز بڑھانے کی ہدایت دی، جبکہ صوبے کے پسماندہ اضلاع میں معیار زندگی بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
