فن و ثقافت
پولیس وردی کا مذاق اُڑانا مہنگا پڑ گیا، ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اور کانسٹیبل گرفتار

لاہور پولیس نے معروف ٹک ٹاکر کاشف ضمیر اور پولیس کانسٹیبل خرم شہزاد کو پولیس وردی کا مذاق اُڑانے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
واقعہ ایک شادی کی تقریب میں پیش آیا، جہاں ٹک ٹاکر نے پولیس وردی میں موجود کانسٹیبل کو رقم سے بھری ٹرے پیش کی اور اس پر نوٹ نچھاور کیے، جسے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کے مطابق، اس عمل سے پولیس کے وقار اور عزت کو مجروح کیا گیا ہے۔ واقعے کی ویڈیو کے بعد دونوں افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
کاشف ضمیر کے خلاف قلعہ گجر سنگھ اور کانسٹیبل کے خلاف سبزہ زار تھانے میں مقدمات درج کیے گئے جن میں پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے اصل ویڈیو کو بدل کر ایک جعلی ویڈیو بنائی، جس میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے وردی کا رنگ تبدیل کیا گیا تاکہ ناظرین کو گمراہ کیا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں۔