اہم خبریں
پنجاب میں آن لائن شدت پسندی کے خلاف کارروائی، 58 ہزار سے زائد سوشل میڈیا پیجز کی نشاندہی
پنجاب میں سیکیورٹی اداروں نے ریاست مخالف اور شدت پسند مواد پھیلانے والے 58,788 سوشل میڈیا پیجز کی نشاندہی کر لی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ سائبر نگرانی کے تحت ان صفحات کو ٹریس کیا ہے۔
اب تک 11,132 صفحات کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ذریعے بلاک کیا جا چکا ہے، جبکہ 54 پیجز پر انتہائی خطرناک اور اشتعال انگیز مواد کی موجودگی پائی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تقریباً 80 فیصد پروپیگنڈا بیرون ملک سے چلنے والے اکاؤنٹس کے ذریعے پھیلایا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو ریاست مخالف سوچ کی طرف مائل کرنا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ اکاؤنٹس پر نگرانی کا دائرہ بڑھا دیا گیا ہے اور تمام سرگرمیوں کا ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے، جبکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف جلد قانونی کارروائی متوقع ہے۔
ایک اعلیٰ پولیس افسر نے کہا، “یہ صرف سوشل میڈیا نہیں بلکہ ریاست کے خلاف ڈیجیٹل جنگ ہے، جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔”
