صحت
پاکستان شدید گرمی کی لپیٹ میں، دادو اور تربت میں پارہ 48 ڈگری تک پہنچ گیا

ملک کے بیشتر علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں موسم میں مزید شدت کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، بالائی و میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس سے ہیٹ ویو کی سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
گزشتہ روز سندھ کے دادو اور بلوچستان کے تربت میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جو کہ رواں سال کا سب سے بلند درجہ حرارت ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں 47، جبکہ بھکر، بہاولنگر، رحیم یار خان اور نوکنڈی میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی سورج نے قہر ڈھانا شروع کر دیا ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت کم سے کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 43 ڈگری تک پہنچنے کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 2 سے 3 دنوں تک بارش کی کوئی توقع نہیں ہے۔ ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 19 مئی تک پنجاب کے میدانی اور شہری علاقوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے، جو صحت کے لیے انتہائی مضر ہو سکتا ہے۔
موسمی اور طبی ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں، اور پانی و مشروبات کا زیادہ استعمال کریں تاکہ جسم میں نمی کی کمی نہ ہو۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، لہٰذا عوام کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔