تجارت
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 8400 پوائنٹس کی ریکارڈ کمی، کشیدگی نے سرمایہ کاروں کو ہلا کر رکھ دیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری تاریخ کی بدترین مندی دیکھی گئی، جب 100 انڈیکس 8400 پوائنٹس سے زائد گر کر 1 لاکھ 1 ہزار 600 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
دن کا آغاز مثبت رجحان سے ہوا اور ابتدائی طور پر 1800 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بھارتی ڈرون گرائے جانے کی خبر، پاک بھارت کشیدگی میں شدت، اور ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم پریس کانفرنس نے سرمایہ کاروں میں بے چینی پیدا کر دی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ جغرافیائی کشیدگی کے باعث سرمایہ کاروں نے خطرات محسوس کرتے ہوئے مارکیٹ سے پیسہ نکالنا شروع کر دیا، جس سے مندی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ اس مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
ماہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اقدامات کرے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا سکے اور مارکیٹ کو مزید گرنے سے روکا جا سکے۔