فن و ثقافت
میکسیکو کی معروف ٹک ٹاک اسٹار لائیو ویڈیو کے دوران قتل، واقعہ کو فیمیسائیڈ قرار دے دیا گیا

میکسیکو کی ریاست جالسکو کے شہر زاپوپان میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں معروف ٹک ٹاک انفلوئنسر والیریا مارکیز کو لائیو ویڈیو کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
23 سالہ والیریا بیوٹی اور میک اپ سے متعلق ویڈیوز کی وجہ سے مشہور تھیں اور ان کے ٹک ٹاک و انسٹاگرام پر دو لاکھ کے قریب فالوورز تھے۔ واقعے سے چند لمحے پہلے وہ ایک ٹیبل پر بیٹھی تھیں اور ایک کھلونا ہاتھ میں تھا۔ ویڈیو میں انہیں یہ کہتے سنا گیا: “وہ آ رہے ہیں” اور کسی نے پکارا “ویلے؟” تو انہوں نے جواب دیا “جی؟” اور ویڈیو کو میوٹ کر دیا۔ کچھ ہی لمحوں بعد انہیں گولی مار دی گئی۔
پولیس کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات فیمیسائیڈ (خواتین کے خلاف قتل برائے صنفی وجوہات) کے تناظر میں کی جا رہی ہے۔ میکسیکو میں فیمیسائیڈ کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، جہاں خواتین کو تعلقات، دھمکیوں، یا جنسی تشدد کے پس منظر میں نشانہ بنایا جاتا ہے۔
والیریا نے ویڈیو کے دوران یہ بھی بتایا تھا کہ کوئی شخص ایک “مہنگا تحفہ” دینے آیا تھا جب وہ سیلون میں موجود نہیں تھیں، اور وہ اس شخص کا دوبارہ سامنا نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
اس واقعے نے ملک بھر میں خواتین کے تحفظ اور آن لائن انفلوئنسرز کی سلامتی سے متعلق شدید تشویش کو جنم دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا ہے، اور عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ قاتل کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔