تجارت
خیبر پختونخوا کا ٹیکس فری بجٹ, نوجوانوں کو قرض، تعلیم ایمرجنسی اور 500 نئے منصوبے

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مالی سال 2025-26 کے لیے ٹیکس فری بجٹ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ بجٹ کا باضابطہ اعلان 13 جون کو کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور کے مطابق بجٹ کی منصوبہ بندی سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی مشاورت سے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال میں کوئی نیا قرض نہیں لیا اور 150 ارب روپے صرف قرضوں کی ادائیگی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ میں 40 فیصد اضافہ کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 500 سے زائد نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں ڈی آئی خان موٹروے جیسے بڑے انفراسٹرکچر پراجیکٹس شامل ہیں۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے بلا سود قرض اسکیموں میں بھی توسیع کی جائے گی۔
انہوں نے صوبے میں “تعلیمی ایمرجنسی” کے نفاذ کا بھی اعلان کیا تاکہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق بجٹ میں 200 ارب روپے کا سرپلس ہو گا، جو کہ صوبائی حکومت کی مالیاتی حکمت عملی کی کامیابی کا عکاس ہے۔