صحت
چارسدہ میں ڈینگی بے قابو, عوامی شکایات کے سامنے کے پی حکومت کے اقدامات سوالیہ نشان

سیلابی صورتحال کے بعد ضلع چارسدہ میں ڈینگی کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور ہر گھر اس وبا سے متاثر ہو رہا ہے۔ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض محسود نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں ڈی سی چارسدہ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر اور ڈی ایچ او ڈاکٹر واسع اللہ نے بریفنگ دی۔
ضلعی انتظامیہ نے گھر گھر سپرے اور حفاظتی ادویات کی تقسیم کا عندیہ دیا ہے جبکہ ٹی ایم اے چارسدہ کو فنڈز اور عملے کی فراہمی کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر پشاور کا دعویٰ ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ڈینگی پر قابو پا لیا جائے گا۔
تاہم عوامی سطح پر شکایات بڑھتی جا رہی ہیں۔ محمد زئی یونین آف جرنلسٹس کے صحافیوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں ایم آر آئی، سی ٹی سکین اور اسپشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ اٹھایا اور حکومت پر تنقید کی کہ بنیادی سہولتوں کے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں۔ کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ سے بات کی جائے گی۔