صحت
خیبرپختونخوا میں پولیو مہم میں کروڑوں کی مالی بے ضابطگیاں بے نقاب

خیبرپختونخوا میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ رپورٹ 2022-23 کے مطابق منظور شدہ 4 روز کے بجائے 5 روز پولیو مہم چلانے پر 22 لاکھ روپے اضافی خرچ کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ کو واپس ہونے والے 15 کروڑ روپے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں، جبکہ پولیو سکیورٹی کیلئے 41 لاکھ روپے کی مشکوک دوہری ادائیگی بھی کی گئی۔
اس کے علاوہ محکمے کے پاس سرکاری گاڑیاں موجود ہونے کے باوجود ایک کروڑ 70 لاکھ روپے نجی گاڑیوں کے کرایوں پر خرچ کیے گئے۔ ٹیکس کٹوتی نہ ہونے کے باعث خزانے کو 30 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔
آڈٹ میں مزید انکشاف ہوا کہ سکیورٹی اہلکاروں کی ادائیگی میں تاخیر سے 96 لاکھ روپے بلاوجہ روکے گئے اور ہنگو میں 11 ماہ تک پولیس کو رقوم ادا نہ کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2020-21 سے 2021-22 تک محکمہ داخلہ کو 50 کروڑ روپے سے زائد کا پولیو فنڈ ملا جو کمشنرز اور ڈی پی اوز کے ذریعے تقسیم ہونا تھا۔