سیاست
عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپیلوں کی جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

سابق وزیرِاعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ £190 ملین کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلوں کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم کو سیاسی انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اپیلوں کی سماعت میں تاخیر انصاف کے عمل کو متاثر کر رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پچھلی سماعت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اور اپیلوں پر فوری کارروائی ضروری ہے تاکہ انصاف بروقت فراہم کیا جا سکے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپیلوں کو ڈائری نمبر الاٹ کر دیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کیس کی سماعت جلد مقرر کی جا سکتی ہے۔