فن و ثقافت
پشاور میں سوشل میڈیا پر اسلحہ نمائش کا فیشن، پولیس کا کریک ڈاؤن تیز

سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور فائرنگ کی ویڈیوز اپلوڈ کرنا نوجوانوں میں خطرناک رجحان بن چکا ہے۔ پشاور پولیس کے مطابق اسلحے کے ساتھ ویڈیوز بنانا اور انہیں ٹک ٹاک، فیس بک و انسٹا گرام پر اپلوڈ کرنا معمول بنتا جا رہا ہے، جس پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔
پشاور پولیس نے ایس ایس پی آپریشنز کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایسے نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جو ہوائی فائرنگ اور اسلحہ نمائش میں ملوث تھے۔ ڈی ایس پی یکہ توت سرکل سعید الرحمن خان کی نگرانی میں پولیس نے ملزم جمشید خان کو دیر کالونی سے گرفتار کیا، جو پستول کے ساتھ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر رہا تھا۔ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا اور مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایسی ہی کارروائیاں کوتوالی، فقیر آباد، اور پہاڑی پورہ کے علاقوں میں بھی کی گئیں جہاں سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کرنے والے مزید نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق، عوامی تحفظ کے لیے اس رجحان کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی ہے اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔