سیاست
پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں: 670 جاں بحق، پاک فوج ریلیف مشن میں پیش پیش

ملک بھر میں مون سون بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں اب تک 670 قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں جبکہ 1000 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
ترجمان پاک فوج (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ہدایات پر پاک فوج، آرمی ایوی ایشن اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
اب تک 6 ہزار 903 افراد کو ریسکیو کیا گیا جبکہ 6 ہزار سے زائد متاثرین کو آرمی کے میڈیکل کیمپس میں علاج فراہم کیا گیا۔
سی ایم ایچ اور مختلف بٹالینز کی اسپیشل میڈیکل ٹیمیں خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تعینات ہیں۔ آرمی ہیلی کاپٹرز خوراک و ادویات دور دراز علاقوں میں پہنچا رہے ہیں جبکہ انجینئرز تباہ شدہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی میں دن رات مصروف ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ایک دن کا راشن متاثرین کے لیے مختص کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں 90 سے زائد سڑکیں تباہ ہوگئیں تاہم بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔