سیاست
بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے، لیکن پاکستان کسی صورت پہل نہیں کرے گا, اسحاق ڈار

ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خبردار کیا ہے کہ بھارت دانستہ طور پر جنوبی ایشیا کو جنگ کی طرف دھکیل رہا ہے۔ پیر کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی حال میں پہل نہیں کرے گا، لیکن اگر جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور قومی عزم اور قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے پاہلگام واقعے کو “فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے داخلی خلفشار سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ ڈرامہ رچایا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ واقعہ کے محض 10 منٹ بعد ایف آئی آر درج کرنا، جب کہ قریبی تھانے تک پہنچنے میں 45 منٹ لگتے ہیں، اس واقعہ کو مشکوک بناتا ہے۔
وزیر خارجہ نے بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان اقدامات کا مقصد عالمی توجہ کو بھارت کے اندرونی مسائل سے ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، اور پاکستان کے پانی کو روکنا “جنگ کے مترادف” سمجھا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے بروقت فیصلے کیے جن پر فوری عمل درآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور کسی بھی قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، تاہم “ہم اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے سکتے۔”
آخر میں انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کو کسی صورت نظرانداز نہ ہونے دے۔ “کشمیر کا مسئلہ پس پشت نہیں جائے گا۔”