سیاست
کوئٹہ ایف سی ہیڈکوارٹر پر خودکش دھماکا: 10 شہید، 30 زخمی، 6 دہشتگرد واصل جہنم

کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں خوجک روڈ پر ایف سی ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے پر خودکش دھماکا ہوا، جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں 10 شہری شہید جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں 2 سکیورٹی اہلکار اور 4 خواتین شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنایا اور خودکش بمبار سمیت 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف سی جوانوں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے “فتنۃ الہندوستان” کے دہشتگردوں کو جہنم واصل کر کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی امن و امان خراب کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے شہداء کے لیے مالی امداد اور زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات صوبائی حکومت کے ذمے لینے کا اعلان کیا۔
واقعے کے بعد کوئٹہ میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور علاقے کو سیل کر کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور حملہ مقامی دہشت گرد گروپوں سے منسلک قرار دیا جا رہا ہے۔