سیاست
کرک میں دہشتگردوں کا حملہ، ایف سی کے چار جوان شہید، سرچ آپریشن جاری

کرک کے علاقے امان کوٹ ٹوئی میں گرگری تھانے کی حدود میں نامعلوم مسلح افراد نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چار جوان موقع پر شہید ہو گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایف سی اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی سے واپس جا رہے تھے۔ حملہ آور پہاڑی پر پہلے سے موجود تھے اور جیسے ہی گاڑی قریب پہنچی، انہوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ اتنی شدید تھی کہ چاروں جوان موقع پر شہید ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شہداء کا تعلق لکی مروت اور ٹانک اضلاع سے ہے۔ لاشوں کو قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے اور لواحقین کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
ڈی پی او کرک شہباز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا اور گرگری کی پہاڑیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
یہ سانحہ علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑا گیا ہے، عوام اور حکام نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔