سیاست
چیئرمین پی سی بی نے ہوٹل رہائش اور یوٹیلٹی الاؤنس کی مد میں چار ماہ میں 41 لاکھ خرچ کر ڈالے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کے بارے میں ایک آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے چار ماہ کے دوران ہوٹل رہائش اور یوٹیلٹی الاؤنس کی مد میں 41 لاکھ روپے خرچ کر ڈالے۔ یہ انکشاف آڈٹ رپورٹ 2024-25ء میں کیا گیا، جس میں دیگر خلاف ضابطہ اخراجات کا بھی پردہ فاش کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل 9 کے دوران پولیس کھانے پر 6.5 کروڑ روپے خرچ ہوئے، جبکہ ڈائریکٹر میڈیا کی غیر قانونی تقرری پر 80 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ اس کے علاوہ تین ریجنل ایج گروپ کوچز کی غیر قانونی تقرریوں پر 54 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک پرائیویٹ کمپنی کو خلاف ضابطہ طور پر ایک لاکھ بیس ہزار ڈالر کا ٹھیکہ دیا گیا۔
مزید برآں، ایک ایمپائر کو 38 لاکھ روپے کی میچ فیس زیادہ دی گئی، جبکہ 2.5 کروڑ کے کرایوں کو ضائع کیا گیا۔ مختلف کمپنیوں کو 19 کروڑ روپے کا خلاف ضابطہ ٹھیکہ دیا گیا، اور کرکٹ گراؤنڈ کو 40 لاکھ روپے کی مشکوک ادائیگی کی گئی۔ اس کے علاوہ انٹرنیشنل فرم کو تین کروڑ روپے کا خلاف ضابطہ ٹھیکہ دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل نائن میں مختلف میڈیا کمپنیوں سے 5.25 ارب روپے کی ریکوری نہیں کی جا سکی۔
پی سی بی کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اس رپورٹ پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے اور اس پر موقف بعد میں پیش کیا جائے گا۔