سیاست
ٹرمپ کے غزہ منصوبے پر حماس کے اندر اختلافات، مشاورت جاری

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حماس نے تاحال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ منصوبہ قبول نہیں کیا اور تنظیم مزید مشاورت کے لیے وقت مانگ رہی ہے۔ ایک حماس عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تنظیم اس منصوبے پر غور جاری رکھے ہوئے ہے اور ابھی حتمی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
حماس کی سیاسی بیورو کے رکن محمد نزال کا کہنا ہے کہ منصوبے میں کئی تشویش ناک نکات ہیں، جن پر حماس جلد اپنا باضابطہ مؤقف ظاہر کرے گی۔ ان کے مطابق حماس عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے اور مفاہمت تک پہنچنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حماس کے اندر اس وقت دو رائے موجود ہیں: ایک گروہ منصوبے کی غیر مشروط منظوری کا حامی ہے تاکہ جنگ بندی کو امریکی ضمانت کے ساتھ نافذ کیا جا سکے، جبکہ دوسرا گروہ منصوبے کی اہم شقوں مثلاً غیر مسلح ہونے اور فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کو مسترد کرتا ہے۔ یہ گروہ صرف ان شرائط پر منصوبے کو قبول کرنے کے حق میں ہے جب ان کی اور مزاحمتی دھڑوں کی شرائط کو شامل کیا جائے۔