سیاست
حکمران آئین و عدلیہ کے دشمن، اسلامی انقلاب ہی حل ہے، امیر العظیم کا خطاب

جماعت اسلامی کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم نے تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ ابتدا سے آزاد عدلیہ اور آئین کی حکمرانی کے خلاف ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ اپنی مرضی کے لوگوں کو مسلط رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل شناخت اس کا نظریہ ہے مگر قابض حکمران اسے نظریاتی بنیادوں سے محروم کرنے کے درپے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت پر مبنی نظام ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی ضمانت دے سکتا ہے، مگر پچھلے 78 سالوں میں ملک میں ایک دن کیلئے بھی اسلامی نظام نافذ نہیں ہوا۔ پارلیمنٹ، عدالتیں اور اقتدار کے ایوان اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کے برخلاف چل رہے ہیں۔
امیر العظیم نے یاد دلایا کہ قرارداد مقاصد کو آئین کا حصہ بنانے کیلئے جماعت اسلامی نے طویل جدوجہد کی اور عوام و علما کے دباؤ کے نتیجے میں پاکستان کو 1973ء کا آئین نصیب ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آئین پر صحیح عمل درآمد ہو تو پاکستان دنیا میں باوقار مقام حاصل کرسکتا ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعتیں عوام کو دھوکہ دیتی رہی ہیں کہ وہ ایک دوسرے کی مخالف ہیں، حالانکہ ان کے مفادات ہمیشہ سے ایک جیسے تھے اور مستقبل میں بھی رہیں گے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ان کے “شیطانی گٹھ جوڑ” کو توڑنے کیلئے متحد ہوں۔