سیاست
تجارتی معاہدہ کرو، ورنہ معاشی مار کے لیے تیار رہو, ٹرمپ نے بھارت کو دوٹوک دھمکی دے دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو ایک بار پھر واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان جلد کوئی تجارتی معاہدہ طے نہیں پایا تو بھارت کو امریکی منڈی میں داخلے کے لیے 25 فیصد بھاری ٹیرف دینا ہوگا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ “بھارت اگرچہ ایک دوست ملک ہے، لیکن اس نے دنیا میں سب سے زیادہ درآمدی محصولات لاگو کر رکھے ہیں جو امریکا کے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔”
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اب تک کوئی جامع تجارتی معاہدہ نہیں ہو سکا۔ اگر پیش رفت نہ ہوئی تو امریکی انتظامیہ بھارتی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے میں تاخیر نہیں کرے گی۔
یاد رہے کہ اپریل میں بھی ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف کا عندیہ دیا تھا جسے بعد میں جولائی تک مؤخر کیا گیا۔ اس سے قبل امریکی صدر نے بھارت میں ٹیسلا پلانٹ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکی صنعت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اسی طرح انہوں نے ایپل کمپنی کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنی مصنوعات امریکا میں تیار نہ کرے تو اسے بھی 25 فیصد ٹیرف برداشت کرنا پڑے گا۔
صدر ٹرمپ کا دوٹوک مؤقف تھا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ ہر آئی فون امریکا کی سرزمین پر تیار ہو۔ اگر وہ بھارت یا کسی اور ملک میں تیار ہوتا ہے، تو ایپل کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔”