سیاست
طالبان حکومت کی وعدہ خلافیاں خطے کے عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس “دنیا کے لیے پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف جنگ” سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی دوحہ معاہدے سے انحراف خطے میں عدم استحکام پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی لغت میں “سرنڈر” کا کوئی تصور نہیں، اور ہم اپنی آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ہر صورت دہشتگردی کو شکست دیں گے۔
بلاول بھٹو نے بھارت پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان سے مذاکرات کرے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرے۔ انہوں نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے عمل کو بند کرنے پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قیمتی انسانی جانوں اور معیشت دونوں کی بھاری قیمت چکائی ہے، اور عالمی برادری کو پاکستان کے تجربات سے سیکھنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے زور دیا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب، قوم یا عقیدہ نہیں ہوتا، اور یہ خطرہ کسی قانون کی پروا نہیں کرتا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔