فن و ثقافت
پاک بھارت کشیدگی: علی ظفر کو بالی ووڈ فلم ‘میرے برادر کی دلہن’ کے پوسٹر سے ہٹا دیا گیا
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی ایک بار پھر شوبز انڈسٹری تک جا پہنچی ہے۔ بالی ووڈ فلم میرے برادر کی دلہن میں اداکاری کرنے والے پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کو فلم کے پوسٹرز اور میوزک کورز سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نئے سوشل میڈیا اور میوزک پلیٹ فارمز پر سامنے آنے والے پوسٹرز میں صرف بھارتی فنکاروں کو نمایاں کیا گیا ہے جبکہ علی ظفر، جنہوں نے فلم میں اہم کردار ادا کیا تھا، اب نظر نہیں آ رہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کشیدہ حالات میں پاکستانی فنکاروں کو بالی ووڈ سے نکالا گیا ہو۔ ماضی میں بھی پاک بھارت تعلقات میں تناؤ کے باعث پاکستانی فنکاروں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں اور انہیں فلموں، ڈراموں اور ایونٹس سے نکالا گیا ہے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور عسکری محاذ پر تناؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس کے اثرات اب فن و ثقافت پر بھی پڑنے لگے ہیں۔
