فن و ثقافت
مالٹوں کا دیس خانپور-ہری پور

تحریر : ارم نیاز
فَبِأَيِّ آلاءِ رَبِّكُمَا تُكَذِّبَانِ
تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے (سورہ رحمن)
جدید دور میں زندگی پُر شور ہے، سکون کے لمحات میسر آنا نعمت خداوندی سے کم نہیں۔ بسا اوقات حالات اتنا تھکا دیتے ہیں کہ ایک عام انسان صرف چند لمحوں کا سکون چاہتا ہے۔ پھر اگر ایسا سکون میسر آ جائے جہاں قدرت کے حسین نظاروں کے ساتھ ساتھ قدرت کے ذائقے بھی چکھنے کا موقع مل جائے تو کیا ہی بات ہے۔ پاکستان کو اللہ نے ایک ایسے قدرتی حسن سے نوازا ہے جسکی مثال ملنا ممکن نہیں۔ نا صرف سیاحتی مقامات بلکہ معدنیات، غذائی اجناس، زرخیز زرعی زمین سے نواز کر بھی اپنے فضل کی نشانیاں دکھائی ہیں۔
انہی خوبصورت مقامات میں ایک ہری پور بھی ہے۔ ہری پور شہر کی وجہ تسمیہ جنرل ہری سنگھ ہے۔ 1823 میں ہري پور کا نام رنجيت سنگھ کے ايک سِکھ جرنيل ہری سنگھ نالوا کے نام پر رکھا گيا۔ ہری پور تحصيل کو يکم جولائی 1992ء ميں ضلع کا درجہ دے کر ضلع ايبٹ آباد سے علیحدہ کر ديا گيا۔
عوام کی ایک کثیر تعداد اس بات سے ناآشنا ہے کہ دنيابھر ميں مٹی کا بنا ہوا سب سے بڑا بند تربیلا بند اسی ضلع ميں دریائے سندھ پر تعمير کيا گيا ہے۔ ہری پور کے خوبصورت مقامات میں ایک مقام خان پور بھی جس کے مالٹے کے باغات کا چرچا زبان زد خاص و عام ہے۔ خان پور کی زرخیز زمین کے سینے سے بیشمار پھل اگتے ہیں۔ ان زمینوں پر پھلوں کے باغات کثیر تعداد میں موجود ہیں جن میں لوکاٹ، امرود، مالٹا اور لیچی شامل ہیں۔ خانپور میں پیدا ہونے والے مالٹے کا کوئی ثانی نہیں۔
عوام کی ایک بڑی تعداد ہر سال تازہ مالٹوں کے ذائقے سے لطف اندوز ہونے کیلئے خان پور کا رخ کرتی ہے۔ ان باغات کی خاص بات یہ ہے کہ مہمانوں کو درخت سے تازہ مالٹا توڑ کر کھانے کی سہولت تو فراہم کی ہی جاتی ہے لیکن اسکے ساتھ تازہ جوس نکال کر پینے کا بھی خصوصی انتظام موجود ہوتا ہے۔ کئی لوگ بیرون ملک مقیم اپنے عزیزوں کو یہ مالٹے بطور تحفہ بھجواتے ہیں۔ مالٹوں کی کئی اقسام خانپور میں پائی جاتی ہیں لیکن یہاں کا ریڈ بلڈ مالٹا ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ ان مالٹوں کے ذائقے کے ساتھ ساتھ فواٸد بھی بیش بہا ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق مالٹے شوگر، معدے اور جگر کی بیماریوں اورخون کی صفاٸی کے حوالے سے مفید اور بہترین قدرتی علاج بھی ہیں۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ اس مالٹے کی افزاٸش میں بتدریج کمی واقع ہو رہی ہے۔ اس ضمن میں محکمہ زراعت اپنا فرض نبھائے اور مالٹے کی پیدوار کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔ حکومتی سطح پر مالٹے کی افزائش اور کاشت کی جانب خصوصی توجہ دی جائے تو زرمبادلہ کمانے کے کثیر مواقع میسر آ سکتے ہیں۔
خان پور ایک بہترین سیاحتی مقام کے ساتھ ساتھ عالمی منڈی میں مالٹوں کے حوالے سے اپنا مقام بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ قدرت کے حسین مناظر، پھلوں کے بوجھ سے جھکتے درخت، مہمان نواز مقامی لوگ اور قدرتی مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ رکھنے کے لیے سیاحوں کیلئے ایک نہایت پرکشش مقام ہے خان پور۔
نرم دھوپ میں قدرتی ذائقوں سے لطف اندوز ہونا ہو، پرسکون لمحاتِ زندگی گزارنے ہو یا فوٹوگرافی کا شوق ہو تو خان پور کا رخ کیجئے۔