سیاست
چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ سے گریز کا مشورہ دیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ان کی ملاقات میں چیف جسٹس نے انہیں سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔
ہفتے کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گوہر علی خان نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ روز چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے حکومت کے خلاف اپنے شکوے اور شکایات پیش کیں۔ گوہر علی خان کے مطابق، “ہماری حکومت کے خلاف چارج شیٹ بہت لمبی ہے، تاہم عدلیہ کے حوالے سے بھی ہمارے تحفظات ہیں۔”
اس ملاقات میں صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا چیف جسٹس نے سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا؟ جس پر گوہر علی خان نے کہا “آپ کی بات درست ہے۔”
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی آئینی اور جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے، مگر انہوں نے حکومت اور عدلیہ کی موجودہ کارکردگی پر بھی اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔