سیاست
پاکستان–سعودی عرب دفاعی معاہدہ: بھارت کا محتاط ردعمل، سلامتی خدشات کا اظہار

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر بھارت نے باضابطہ ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس پیش رفت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ یہ معاہدہ کافی عرصے سے زیرِ غور تھا اور اب باضابطہ شکل اختیار کر گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ نئی دہلی اس معاہدے کے قومی اور علاقائی سلامتی پر اثرات کا بغور مطالعہ کرے گا۔ ان کے مطابق، بھارت اپنی جامع اور کثیرالجہتی سلامتی حکمت عملی پر قائم ہے اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں جس کے تحت کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور ہوگا۔ معاہدے میں حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان کی شمولیت تاریخی قرار دی گئی ہے، جس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا اہم کردار رہا۔
یہ پیش رفت خطے میں طاقت کے نئے توازن اور عرب دنیا میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک حیثیت کو اجاگر کرتی ہے، جس پر بھارت نے محتاط رویہ اختیار کیا ہے۔