سیاست
وزیراعظم شہباز شریف دوحہ پہنچ گئے، اسرائیلی حملے کے بعد پاکستان کی قطر سے یکجہتی

وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دوحہ پہنچے تاکہ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد قطر کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اظہار کر سکیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیرِاعظم کے ساتھ نائب وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کریں گے اور قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہمدردی و حمایت کا اظہار کریں گے۔
اسرائیلی حملے میں، جس کا ہدف حماس کے عہدیدار تھے، کم از کم سات افراد جاں بحق ہوئے جس پر عرب دنیا بھر میں شدید ردعمل سامنے آیا۔ قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے حملے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس نے پورے خلیجی خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’خطے سے جواب ضرور آئے گا، اس پر دیگر شراکت داروں سے مشاورت جاری ہے۔‘‘ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ وہ خطے کو ’’افراتفری‘‘ میں دھکیل رہے ہیں۔