سیاست
وزیراعظم شہباز شریف: جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان محفوظ اور پرکشش ملک ہے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو سرمایہ کاروں اور سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اور پرکشش ملک بنانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاپان کے بین الاقوامی تعاون بنک کے شعبہ مائننگ اور میٹل فنانس کے ڈائریکٹر جنرل تارو کاٹو سے ملاقات کے دوران کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان ماضی میں صنعت و تجارت کے شعبے میں بھرپور تعاون رہا ہے اور اب دونوں ممالک اس معاشی تعاون کی تجدید نو کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان جاپانی سرمایہ کاروں اور بنکوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے جاپان کے ساتھ سفارتی اور معاشی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان جاپانی شراکت داری کو خوش آمدید کہتا ہے۔