سیاست
نیپالی وزیراعظم کے پی شرما اولی استعفیٰ دینے پر مجبور , عوامی احتجاج شدت اختیار کر گیا

نیپالی وزیراعظم کھڈگا پرساد شرما اولی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ملک بھر میں مبینہ بدعنوانی اور سوشل میڈیا پر پابندیوں کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے۔ مظاہرین نے کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نیپالی کانگریس کے دفتر اور مختلف سیاست دانوں کی رہائش گاہوں پر دھاوا بول دیا۔
اس دوران سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 250 سے زائد زخمی ہو گئے۔ سول سروسز ہسپتال نے زخمیوں کی تعداد کی تصدیق کی ہے، جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق مظاہروں کی شدت کے باعث کھٹمنڈو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا۔
وزیراعظم کے دفتر نے جاری بیان میں کہا کہ کے پی شرما اولی نے ملک میں جاری بحران کے آئینی حل کے لیے استعفیٰ دیا ہے۔ تاہم عوامی غصے اور سیاسی بے چینی نے نیپال کو ایک بڑے بحران سے دوچار کر دیا ہے۔