سیاست
عدالت کا انسانیت دوست فیصلہ: لاوارث نومولود اسلام آباد کے جوڑے کے حوالے

ڈی آئی خان کی عدالت نے ایک غیر معمولی اور خوش آئند فیصلے میں لاوارث نومولود بچے کو اسلام آباد کے تعلیم یافتہ جوڑے کے سپرد کردیا۔
یہ نومولود بچہ 18 اگست کو ڈسٹرکٹ زنانہ ہسپتال کے لیبر روم سے ملا تھا۔ ایڈیشنل جج محمد ایاز نے فیصلہ سناتے ہوئے بچہ سپریم کورٹ کے وکیل حسن عدنان احمد اور ان کی اہلیہ نوشین محسود کو دے دیا۔
جوڑے نے قانونی تقاضوں کے مطابق 10 لاکھ روپے کا شیورٹی بانڈ جمع کرایا، جبکہ جذباتی لمحے میں جج نے خود بچے کو والدین کے حوالے کیا۔
سماجی حلقوں نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انسانیت دوست اور مثبت اقدام قرار دیا۔ عوام نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف ایک جوڑے کی گود بھرنے کا سبب بنا بلکہ معاشرے کے لیے ایک قابل تقلید مثال بھی قائم کر گیا۔