سیاست
طورخم سرحد پر کشیدگی, پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ، تجارتی سرگرمیاں معطل

طورخم سرحد پر پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغان فورسز کی جانب سے فائر کیے گئے گولے مقامی آبادی پر گرے، جس کے نتیجے میں کئی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ اس جھڑپ میں تین ایف سی اہلکار اور ایک مقامی شہری زخمی ہوئے، جبکہ بھگدڑ کے دوران ایک ٹرک ڈرائیور کو دل کا دورہ پڑا، جو جانبر نہ ہو سکا۔
یہ کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب افغان فورسز نے دس روز قبل سرحد کے متنازعہ علاقے میں تعمیراتی کام شروع کیا، جس پر پاکستان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے بارڈر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ کشیدگی کے باعث طورخم سرحد پر ہر قسم کی آمد و رفت معطل ہے، جس کے نتیجے میں تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔