سیاست
شیر افضل مروت جیسے لوگوں کو ایجنسیاں استعمال کر کے چھوڑ دیتی ہیں, علیمہ خان

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ جج صاحب نے بچوں کی ضمانت منظور کی یہ خوشی کی بات ہے لیکن جس طرح کارکنان کو اٹھایا گیا وہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ اگر چاہیں تو ان کی پوری فیملی کو گرفتار کر لیں لیکن وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ علیمہ خان نے الزام لگایا کہ کلبھوشن یادو کے ٹرائل کا کیا بنا جس نے ہزاروں پاکستانیوں کو شہید کیا، لیکن ہمارے کارکنان کو خفیہ ٹرائل میں سزائیں دی جا رہی ہیں۔
ایک صحافی کے سوال پر کہ شیر افضل مروت نے الزام لگایا ہے کہ بیرون ملک سوشل میڈیا اکاؤنٹس علیمہ خان کے بیٹے چلاتے ہیں، علیمہ خان نے کہا: “اس طرح کے لوگوں کو ایجنسیاں استعمال کرتی ہیں اور پھر چھوڑ دیتی ہیں، تبھی ان کا یہ حال ہوتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے شیر افضل مروت کو پہلے ہی پارٹی سے نکال دیا تھا، اب وہ چاہیں تو کسی اور جماعت میں شامل ہو جائیں۔