سیاست
سیلابی صورتحال کے باعث ایم ڈی کیٹ امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ امتحان اب 5 اکتوبر کے بجائے 26 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر کیا گیا ہے تاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو تیاری اور سفری سہولت میسر آ سکے۔
پی ایم ڈی سی حکام کے مطابق نئی تاریخ کا اعلان تمام یونیورسٹیوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز متفق ہوں۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ “یہ تبدیلی طلبہ کے بہترین مفاد میں کی گئی ہے اور حکومت ان کے مسائل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔”
امتحان حسبِ سابق صوبائی یونیورسٹیوں کی زیر نگرانی ہوگا: پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ میں آئی بی اے یونیورسٹی سکھر، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور، بلوچستان میں یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ۔ وفاقی دارالحکومت، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے امیدوار اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے تحت امتحان دیں گے۔