سیاست
خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا الرٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور طغیانی کا خدشہ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران تیز بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق چترال، دیر، سوات، بونیر، ایبٹ آباد اور دیگر علاقوں میں شدید بارش کے امکانات ہیں۔
بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے مقامی آبادی، کسانوں اور متعلقہ اداروں کو بروقت حفاظتی اقدامات کرنے اور ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
مزید کہا گیا کہ گرج چمک اور تیز ہواؤں کے باعث کمزور درخت گر سکتے ہیں جبکہ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔