سیاست
خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کا الرٹ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

خیبرپختونخوا میں 7 سے 9 ستمبر تک موسلا دھار بارشوں اور گرج چمک کے طوفانوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں جبکہ بعض مقامات پر شدید بارشوں اور آندھی کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات، چترال اور شانگلہ سمیت دیگر علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ شہری اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ مقامی ندی نالوں اور دریاؤں میں اچانک طغیانی یعنی فلیش فلڈ کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ احتیاطی اقدامات کو یقینی بنائیں، جبکہ عوام کو بھی کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور اشتہاری بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔