سیاست
بھارت نے عالمی اعتماد توڑ دیا؟ روسی تیل کی خریداری پر امریکہ کا شدید ردعمل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے بھارت کی روس سے خام تیل کی خریداری پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسینٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت روس سے تیل خرید کر اسے ریفائن کرکے بین الاقوامی مارکیٹ میں فروخت کرتا ہے، جو کہ عالمی برادری کی توقعات کے برعکس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت خود کو ایک ذمہ دار عالمی طاقت کے طور پر پیش کرنے میں ناکام رہا ہے، اور اس رویے نے امریکہ کے ساتھ اس کے تجارتی تعلقات کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم بھارت کے موجودہ فیصلوں سے سخت مایوس ہے، اور مستقبل میں کسی بھی تجارتی معاہدے کا دارومدار بھارت کے رویے پر ہوگا۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے 14 جولائی کو روسی تیل خریدنے والے ممالک کو خبردار کیا تھا کہ ان پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ اس وارننگ کے بعد بھارت کی سرکاری آئل ریفائنریز نے وقتی طور پر روسی تیل کی خریداری روک دی تھی۔
ذرائع کے مطابق بھارت نہ صرف دنیا کا تیسرا بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک ہے بلکہ روسی سمندری خام تیل کا سب سے بڑا خریدار بھی ہے۔