سیاست
بھارت میں انتہا پسندی عروج پر، مسلمان شہری کا گھر مسمار

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں انتہا پسندی کی ایک اور خوفناک مثال سامنے آئی ہے، جہاں ایک مسلمان شہری کا گھر صرف اس الزام پر مسمار کر دیا گیا کہ اس نے پاک بھارت چیمپئنز ٹرافی میچ کے دوران ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا تھا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ شہری اپنے گھر میں بیٹھ کر دبئی میں ہونے والے پاکستان اور بھارت کے میچ کو دیکھ رہا تھا۔ میچ کے دوران ایک مقامی شخص نے الزام لگایا کہ مذکورہ شخص اور اس کے اہل خانہ نے ’پاکستان زندہ باد‘ کا نعرہ لگایا ہے، جس کے بعد ہندو انتہا پسندوں نے اس کے گھر پر حملہ کر کے اسے مسمار کر دیا۔
یہ واقعہ بھارت میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی اور مسلمانوں کے خلاف عدم برداشت کی ایک اور مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بھارت میں پہلے بھی ایسے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جہاں مسلمانوں کو محض الزامات کی بنیاد پر نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا میچ 23 فروری کو دبئی میں کھیلا گیا تھا، جس میں بھارت نے پاکستان کو شکست دی تھی، لیکن اس کے بعد بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک مزید واضح ہوتا جا رہا ہے۔