سیاست
افغان مہاجرین کی واپسی, افغان قونصل جنرل نے مکمل تیاریوں کا اعلان کر دیا

پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے لیے افغان حکومت نے مکمل تیاری کر لی ہے۔ پشاور کے افغان قونصل خانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ افغان مہاجرین کے لیے کیمپ اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان شہریوں نے پاکستان میں دہائیوں تک رہائش اختیار کی، تعلیم حاصل کی، اور روزگار کمایا، جس پر ہم پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ تاہم، اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اپنے وطن واپس جا کر اس کی ترقی میں کردار ادا کریں۔
قونصل جنرل کے مطابق افغانستان اب آزاد اور پرامن ملک ہے، جہاں زمین، پانی اور وسائل کی کوئی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ واپسی کا عمل بہتر انداز میں مکمل ہو سکے۔
خواتین کی تعلیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسلام تعلیم کا درس دیتا ہے، افغانستان میں تعلیم پر پابندی نہیں، البتہ نظام تعلیم کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور خواتین کے لیے الگ ادارے قائم کیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں افغان عمائدین نے درخواست کی کہ حکومت پاکستان واپسی کے لیے مزید وقت دے تاکہ دہائیوں پر محیط کاروبار ختم کرنے کا موقع مل سکے، تاہم قونصل جنرل نے اس پر واضح جواب نہ دیا۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان مہاجرین کا ہمیشہ ساتھ دیا، لیکن اپنا وطن اپنا ہوتا ہے، اب افغان حکومت اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔