سیاست
پاکستان میں حضور ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر تاریخی تقریبات کا اعلان

پاکستان کی سینیٹ نے ایک تاریخی قرارداد منظور کرلی ہے، جس کے تحت حضور نبی کریم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے 1500 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی نے پیش کی، جس میں ایوانِ بالا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حضور ﷺ کی سنت پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں اتحاد، امن اور ہم آہنگی کو فروغ دے گا۔
قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس عظیم روحانی اور تاریخی موقع کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے بامقصد اور باوقار تقریبات منعقد کریں۔ مزید کہا گیا کہ نوجوان نسل کو حضور ﷺ کے اخلاقِ حسنہ اور تعلیمات سے روشناس کرانے کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے جائیں۔